حیدرآباد۔12 ۔جولائی (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے پانچ دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مناپورم فینانس لمٹیڈ حمایت نگر برانچ کے انتظامیہ نے پولیس کو ایک شکایت درج کروائی کہ انہیں ایک فون کال موصول ہوا تھا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ منا پورم فینانس ہیڈ آفس سے بات کر رہے ہیں اور نامعلوم افراد نے خود کو مینجر اور جونیئر اسسٹنٹ ظاہر کرتے ہوئے 30 لاکھ روپئے اپنے کھاتے میں منتقل کرالئے ۔ پولیس نے بتایا کہ ادتیہ نارائن مہاپاترا پرمود نائک سومیا رنجن پٹنائک اور دیوشیش اوجھا نے ایک ٹولی کی شکل میں منا پورم فینانس کی ’’ڈور اسٹیپ گولڈ لون‘‘ اسکیم کے تحت ادا کئے جانے والے قرض کے ذریعہ دھوکہ دینے کا منصوبہ تیار کیا اور حمایت نگر برانچ کے انتظامیہ کو دھوکہ دیتے ہوئے اپنے کھاتے میں 30 لاکھ روپئے منتقل کرالئے ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے بینک کھاتوں کو منجمد کرتے ہوئے 10 لاکھ روپئے ضبط کرلئے اور موبائیل فونس وغیرہ بھی برآمد کرلئے ۔
