پولیس کی مستعدی سے متاثرہ شخص کو راحت ، رقم کی اکاونٹ میں منتقلی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : آن لائن گیم کھیلنے کے دوران لاکھوں روپئے رقم سے ہاتھ دھونے والے ایک شخص کی رقم کو سائبر آباد سائبر کرائم پولیس نے دوبارہ حاصل کرلیا ہے ۔ یہ پہلا اپنی نوعیت کا منفرد کیس ہے جس میں پولیس نے بڑی مستعدی کے ساتھ اقدام کرتے ہوئے 5 ماہ کی طویل مشقت کے بعد متاثرہ شخص کو راحت فراہم کی ۔ سائبر کرائم پولیس سائبر آباد کے مطابق پولیس جولائی 2021 میں سید اصغر علی نامی شخص سے ایک شکایت حاصل کی تھی ۔ سید اصغر علی نے پولیس میں شکایت کی تھی کہ ان کا 8 سالہ پوتا جو آن لائن گیم کھیل رہا تھا ۔ کھیل کے دوران اچانک 11 لاکھ 50 ہزار روپئے بینک اکاونٹ سے غائب ہوگئے ۔ اس شخص نے فوری سائبر کرائم پولیس سے رجوع ہو کر اس کی شکایت کردی ۔ سائبر کرائم سائبر آباد نے تحقیقات کے دوران پتہ چلایا کہ شکایت گذار کے بینک اکاونٹ سے رقم سنگاپور کی آن لائن گیمنگ کمپنی کو منتقل ہوچکی تھی ۔ سائبر آباد پولیس نے کمپنی کے ذمہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے طور پر کارروائی کی اور اس رقم کو دوبارہ شکایت گذار شخص کے اکاونٹ میں منتقل کروانے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ سید اصغر علی نے سائبر آباد پولیس کے اس اقدام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سائبر کرائم پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔۔ ع