مدعی علیہ کا خصوصی وکالت نامہ داخل، آئندہ جمعرات کو سماعت
حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) نامپلی میٹرو پولیٹن کورٹ نے مجلسی قائد مقننہ اکبر الدین اویسی کو مبینہ اشتعال انگیز تقریر کے پس منظر میں ضمانت منسوخ کرنے کیلئے داخل کی گئی درخواست پر نوٹس جاری کی۔ نوٹس موصول ہونے پر اکبر الدین اویسی نے اپنے وکیل علیم الدین کے ذریعہ ’’خصوصی وکالت نامہ ‘‘ داخل کی جس پر عدالت نے جواب داخل کرنے اور سماعت کیلئے 22 اگسٹ تاریخ مقرر کی ہے۔ شہر سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل کاشم شیٹی کرونا ساگر نے یکم اگسٹ کو ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی کے مقدمات کی سماعت کیلئے قائم کی گئی خصوصی عدالت میں درخواست داخل کرتے ہوئے اکبر اویسی کی مشروط ضمانت کو منسوخ کرنے کی گذارش کی تھی۔ وکیل نے عدالت میں استدلال پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ جاریہ سال 23 جولائی کو چندرائن گٹہ رکن اسمبلی نے کریم نگر کے این این گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پھر ایک مرتبہ اشتعال انگیز تقریر کی جو مشروط ضمانت کے خلاف ہے۔ عدالت نے اس کیس کی سماعت کو 14 اگسٹ کیلئے مقرر کیا تھا اور آج اکبر الدین اویسی نے اپنے وکیل کے ذریعہ نوٹس موصول کرنے پر وکالت نامہ داخل کیا ہے۔واضح رہے کہ 2013 میں نظام آباد ٹوٹاون پولیس نے مبینہ اشتعال انگیز تقریر پر ایک مقدمہ در ج کیا تھا جس کے نتیجہ میں 5 فروری 2013 کو ایڈیشنل جوڈیشیل مجسٹریٹ نے رکن اسمبلی کی مشروط ضمانت منظور کی تھی۔
