اکھلیش یادو سے ناراضگی کے سوال پر اعظم خان نے دیا بڑا بیان

   

رامپور: سماج وادی پارٹی کے رام پور سے ممبر اسمبلی اور سابق کابینہ وزیر اعظم خان کی 27 ماہ بعد سیتا پور جیل سے رہائی کے بعد یوپی کا سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔ اس دوران ایس پی سربراہ اکھلیش یادو سے ناراضگی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ناراض ہونے کیلئے کوئی بنیاد چاہئے ، مجھے تو کوئی وجہ سمجھ نہیں آرہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ میں خود بے بنیاد ہوں، تو بنیاد کہاں سے آئے گی ۔اعظم خان نے کہا کہ میں کسی سے ناراض ہونے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔ میں سماج وادی پارٹی کا ایک ادنی سا کارکن ہوں، اس لیے میں ان دونوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو جیل میں مجھ سے ملنے آئے اور جو کسی وجہ سے نہیں آئے ۔ اس کے ساتھ ہی اعظم خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے وہ حق ادا کیا ، جو نہ میرے ساتھ کے ، نہ میرے مذہب کے اور نہ میرے ریاست کے کرسکے ، لیکن سپریم کورٹ نے انصاف کے تقاضے پورے کیے ہیں۔ نیز انہوں نے کہا کہ میں نے بچوں کے ہاتھ میں کاپی کتابیں دینے کا کام شروع کیا تھا، اب بھی جاری رہے گا۔ میری یونیورسٹی پر بلڈوزر چلا بھی تو تاریخ میں لکھا جائے گا۔