اگرتلہ: ڈینٹل کونسل آف انڈیا (ڈی سی آئی) نے تریپورہ حکومت کو اگرتلہ گورنمنٹ ڈینٹل کالج میں ماسٹر آف ڈینٹل سرجری (ایم ڈی ایس) پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے یہ اطلاع دی۔ یہ اقدام تریپورہ میں دانتوں کی تعلیم کو فروغ دینے اور ریاست میں دانتوں کی خدمات کو بہتر بنانے میں ایک طویل سفر طے کر سکتا ہے ۔ ڈاکٹر ساہا نے کہا کہ اگرچہ میں وزیر اعلیٰ ہوں، میں ایک ڈینٹل سرجن کے طور پر اپنی جڑوں کو نہیں بھولا۔ مجھے یہ تسلیم کرنے میں کوئی جھجک نہیں ہے کہ صحت کی دیکھ بھال کو مزید بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ ہم سروس ڈیلیوری کے نظام میں بڑی تبدیلی لا رہے ہیں۔ ہم نے ڈینٹل کالج کھولنے کا کبھی نہیں سوچا تھا لیکن اب ہم نے یہ کر دکھایا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا، میں نے 2018 سے پہلے بائیں بازو کے دور حکومت میں بہت کوشش کی، لیکن انہوں نے اسے نامنضور کر دیا کیونکہ میرا ان سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ میں نے ڈینٹل کالج شروع کرنے کے لیے بہت محنت کی اور اب ہم نے اسے کھول کر دکھا دیا ہے۔
دندان سازی میں پرانا طرز عمل ختم ہو چکا ہے اور اب ہم بہترین علاج فراہم کرنے کے لیے نئی تکنیکوں کا استعمال کر رہے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ سپاری اور تمباکو کے استعمال کی وجہ سے شمال مشرق میں منہ کے کینسر میں مبتلا مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے ۔ ریاستی حکومت دانتوں کے علاج کے لیے موبائل وین کے انتظام پر کام کر رہی ہے ۔ دانتوں کے بنیادی ڈھانچے کے لیے پی ایم ڈیوائن (وزیر اعظم کی شمال مشرقی خطے کی ترقی کی پہل) پروجیکٹ کے تحت 200 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔
ڈاکٹر ساہا نے کہا کہ حکومت میڈیکل کالجوں میں نشستوں کی گنجائش بڑھانے اور مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ طبی تعلیم اور خدمات کو وسعت دینے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سپر اسپیشلٹی سروسز شروع کی ہیں جس میں کڈنی کی پیوند کاری شروع ہو چکی ہے اور لیور کی پیوند کاری بھی جلد شروع ہو جائے گی۔