’اگر مودی دوبارہ آگیا تو ملک میں جمہوریت نہیں بچ پائے گی‘

   

اے پی میں تلگودیشم کی حمایت میں روڈ شوسے اروند کیجروال کا خطاب
حیدرآباد۔ 29مارچ (یواین آئی) دہلی کے وزیراعلی و عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجروال نے کہا ہے کہ اگر مودی پانچ سال کے لئے دوبارہ ملک میں برسراقتدار آجائیں گے تو یہ ملک نہیں بچ پائے گا۔ہمیں ملک کوبچانا ہو تو مودی کو ہٹانا پڑے گا۔انہوں نے الزام لگایا کہ پچھلے پانچ سال میں نریندر مودی نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا۔کیجروال نے کہا کہ چندرابابو نائیڈو ، نریندر مودی کے خلاف لڑرہے ہیں۔وہ اورممتا بنرجی بھی مودی کے خلاف جدوجہد میں شامل ہیں ۔اب اے پی ، مغربی بنگال اور دہلی کے لوگ مل کر مرکز میں حکومت بناتے ہوئے اے پی کو خصوصی درجہ دلائیں گے اور دہلی کو بھی مکمل ریاست کا درجہ دلائیں گے ۔انہوں نے وجئے واڑہ میں کل شب تلگودیشم پارٹی کے روڈ شوسے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ چندرابابو ایک طرف اے پی کو خصوصی درجہ کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں تو دوسری طرف وہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ آندھراپردیش کی حکمران جماعت تلگودیشم کے لئے دو دن قبل نیشنل کانفرنس کے سربراہ و جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلی فاروق عبداللہ نے بھی مہم چلائی تھی اور اس پارٹی کو کامیاب بنانے کی اپیل کی تھی۔ مرکز میں مخالف بی جے پی جماعتوں کے اتحاد میں شامل جماعتوں کے لیڈران اب یکے بعد دیگرے اب آندھراپردیش کا رخ کرتے ہوئے تلگودیشم کے لئے مہم چلارہے ہیں۔ کیجروال نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت پرشدید نکتہ چینی کی ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے نوٹ بندی ، جی ایس ٹی کے ذریعہ لوگوں کے کاروبار کو بند کردیااو ربے روزگاری پھیلا دی۔پانچ برسوں میں مودی نے بھائی کو بھائی سے لڑوایا۔ہندو کو مسلمان سے لڑوایاا ورملک کا بھائی چارہ ختم کردیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ لوگ ای وی ایمس ، وی وی پیاٹس میں بھی الٹ پھیر کرتے ہیں۔اگر مودی دوبارہ آگیا تو ملک میں جمہوریت نہیں بچ پائے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام جگن موہن ریڈی کو ووٹ نہ دیں کیونکہ وہ مودی کے حامی ہیں۔اگر جگن کو ووٹ دیا گیا تو مودی دوبارہ برسراقتدار آجائے گا۔انہوں نے کہاکہ چندرابابو نے اے پی کے غریبوں ، مزدوروں اور خواتین کے لئے کافی کام کیا اسی لئے ریاست کے لوگ ان کو پیار کرتے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بھاری اکثریت سے چندرابابو کو کامیاب بناتے ہوئے وزیراعلی بنایاجائے ۔ساتھ ہی اے پی کی تمام لوک سبھا نشستوں پر تلگودیشم کو کامیاب بنایاجائے ۔