اگر کسی نے یوکرین میں مداخلت کی تو جواب دیا جائے گا:پوٹن

   

ماسکو : روس کے صدر ولادمیر پوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی ملک نے یوکرین میں مداخلت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔روس نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین میں ہتھیار فراہم کرنا بند کرے کیونکہ مغرب کی جانب سے یوکرین میں ہتھیاروں کی بڑی ترسیل تنازعہ کو ہوا دے رہی ہے۔چہارشنبہ کی روز سینٹ پیٹرس برگ میں قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ مغرب کی خواہش ہے کہ روس الگ حصوں میں تقسیم ہو جائے اور یوکرین کو روس کے ساتھ جنگ کے لیے اکسانے کا الزام عائد کیا۔روسی میڈیا کی طرف سے جاری کیے گئے وڈیو میں پیوٹن نے مزید کہا کہ اگر کوئی باہر سے امور میں مداخلت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور روس کے لیے اسٹریٹجک خطرات پیدا کرنا چاہتا ہے تو یہ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے اور ان کو جان لینا چاہیے کہ ہمارے جوابی حملے بہت تیز ہوں گے۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس وہ ہتھیار ہیں جو کسی اور کے پاس نہیں ہوں گے اور ضرورت پیش آنے پر ہم ان کا استعمال کریں گے اور میں چاہتا ہوں کہ یہ بات سب کے علم میں ہو۔روس نے یوکرین پر رواں سال فروری میں حملہ کیا تھا اور کافی شہروں اور دیہاتوں کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کرتے ہوئے پانچ لاکھ لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا۔مغربی ممالک نے یوکرین سے جنگ لڑنے پر روس پر سخت ترین پابندیاں عائد کردی ہیں جس سے مغرب میں وسیع تر تنازعہ کا خدشہ ہے۔