اگزیکیٹیو اسسٹنٹ کیلئے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کیا جائے

   

وائس چانسلر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کو مکتوب
حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں اگزیکیٹیو اسسٹنٹس کے لئے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کرنے نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ونود کمار نے وائس چانسلر پروفیسر کے سیتا راما راؤ کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے طویل عوامی کیریئر میں انہوں نے دیکھا کہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد میں کام کے بوجھ کی کمی کیلئے کوئی ٹریننگ کا اہتمام نہیں ہے۔ عوامی نمائندوں ، ڈاکٹرس ، وکلاء اور تاجرین کو اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ کے ذریعہ بہتر کارکردگی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔ 21 ویں صدی میں نوجوان نسل کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں اسکل ڈیولپمنٹ سے متعلق ٹریننگ دی جائے تاکہ روزگار کے بہتر مواقع پیدا ہوں۔ عام طور پر اسکل ڈیولپمنٹ کو ووکیشنل ٹریننگ اور روزگار سے مربوط کیا جاتا ہے جبکہ موجودہ تبدیل شدہ حالات میں انتظامی امور میں خصوصی ٹریننگ کی ضرورت ہے۔ ونود کمار نے مختلف پیشہ ور افراد کیلئے ریاست میں اسکل ڈیولپمنٹ کورس متعارف کرنے کی تجویز پیش کی ۔ اگزیکیٹیو اسسٹنٹ جن کا تعلق مختلف شعبہ حیات سے رہے گا ، اس ٹریننگ کے ذریعہ اپنی کارکردگی کو بہتر بناسکتے ہیں۔ امبیڈکر اوپن یونیورسٹی سے اس بارے میں نصاب تیار کرنے کی خواہش کی گئی۔