اہل بیت اطہار اور صحابہ کرامؓ کی تعظیم کرنا اوّلین فریضہ

   

مناقب اہلِ بیت اطہار کانفرنس، مولانا سراج الرحمن نقشبندی کا خطاب

حیدرآباد 22 ستمبر (راست) ڈاکٹر سراج الرحمن نقشبندی الفاروقی نے جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں منعقدہ مناقب اہل بیت اطہار کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کربلا کا معرکہ حضرت آدم علیہ السلام سے شروع ہوکر تاقیام قیامت چلتا آرہا ہے۔ حضرت سیدنا امام حسینؓ میدان جنگ میں نماز کو نہیں بھولے اور بحالت نماز آپ کو شہید کیا گیا۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ والدین اپنی اولاد کو اسلاف کی تاریخ کو یاد دلائیں اور اس پر عمل کرنے کی ترغیب دیتے رہیں۔ آج ہمارے مسلمان بچوں کو فلم ایکٹر کے نام اور اُس کی تاریخ معلوم ہوتی ہے لیکن اسلام کے نام پر اپنے آپ کو قربان کرنے والے حضرت سیدنا امام حسینؓ کے صاحبزادے حضرت علی اکبر اور حضرت علی اصغرؓ کی تاریخ سے ناواقف ہیں۔ جلسہ کا آغاز طلبہ کلیۃ البنین جامعۃ المؤمنات کی قرأت و نعت شریف سے ہوا۔ امیر شریعت مفتی محمد حسن الدین صدر مفتی جامعۃ المؤمنات نے کہاکہ آج اُمت مسلمہ اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کے متعلق افراط و تفریط اور مبالغہ آرائی میں بٹ گئی ہے۔ آج وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ اُمت مسلمہ کے ہر گھر میں فضائل اہل بیت اطہار و صحابہؓ کا مقام و مرتبہ ادب و تعظیم کرنے کا طریقہ سکھایا جائے۔ جبکہ قرآن مجید میں حرام اور حلال کو واضح انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ مولانا عرفان اللہ شاہ نوری مہتمم دارالعلوم سیف الاسلام نے کہاکہ اہل بیت اطہار اور صحابہ کرامؓ کی تعظیم کرنا نہ صرف وقت کا تقاضہ ہے بلکہ ہمارا اوّلین فریضہ ہے۔ خیرمقدمی کلمات مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم جامعۃ المؤمنات نے ادا کئے۔ حافظ محمد مظفر حسین خان نے کہاکہ اہل بیت اطہار سے محبت اصل ایمان ہے۔ اس کانفرنس میں حافظ محمد صابر پاشاہ قادری، ڈاکٹر سید یوسف الدین بغدادی، مولانا بشیر محی الدین صدیقی، مولانا عبدالواسع احمد صوفی، مفتی ایس ۔ ایم ۔ سراج الدین، مولانا سید اسداللہ ملتانی، جناب عرفان شریف، مولانا حافظ محمد عمران، مولانا شہباز، الحاج محمود احمد کامرانی، جناب شفیع قادری، جناب اسداللہ شریف، احمد بشیرالدین فاروقی، مولانا سید اقبال ہاشمی، مولانا سید عارف ہاشمی، جناب سید سمیع اللہ، حافظ محمد جعفر، حافظ فرحت خاں، مولانا عبدالغفار قادری، جناب احمد پاشاہ قادری، مفتی عبدالرحیم قادری، حافظ محمد مصعب پاشاہ دانش، جناب احمد باوزیر نے شرکت کی۔ دعا و سلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔