ایرانی حکومت کیساتھ عارضی صلح کی پالیسی فائدہ مند نہیں : پومپیو

   

واشنگٹن ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ’’ایرانی حکومت کے ساتھ عارضی صلح کی پالیسی فائدے مند نہیں‘‘۔ انہوں نے باور کرایا کہ امریکہ نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دور میں یکسر مختلف اسلوب اختیار کیا ہے اور وہ ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہو گا۔پومپیو ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے جمعرات کے روز امریکی وزارت خارجہ میں منعقد ہونے والے ایک سیمینار سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے ایران میں مظاہرین کے خلاف پرتشدد کریک ڈاؤن کی مذمت کی۔امریکی وزیر خارجہ کے مطابق ایرانی ذمے داران کے اہل خانہ کے لیے ویزوں کے اجرا پر عائد پابندی کی وجہ ، ان ذمے داران کا پر امن احتجاج کے خلاف کریک ڈاؤن میں ملوث ہونا ہے۔پومپیو نے ایرانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا “امریکہ آپ کی سنتا ہے، امریکہ آپ کی حمایت کرتا ہے اور امریکہ آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم یہ سب کچھ آزادی کی خاطر اور انسانی عزت نفس اور احترام کی خاطر کر رہے ہیں”۔پومپیو کا یہ خطاب ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے بری ساکھ کے حامل دو ایرانی ججوں محمد مقسہ اور ابو القاسم صلواتی پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔