ایرانی خواتین کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت

   

تہران : ایران کے فٹ بال اسوسی ایشن کے سربراہ نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ایرانی خواتین کو فٹ بال اسٹیڈیم میں جا کر میچ دیکھنے کی اجازت ہو گی۔ حال ہی میں روس کے خلاف ایک دوستانہ میچ کے دوران خواتین شائقین کو فقط اسٹینڈز تک جانے کی اجازت ہی دی گئی تھی۔ فٹ بال اسوسی ایشن کے سربراہ کے اس بیان کے بعد بھی ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس موقف پر عمل درآمد کب سے شروع کیا جائے گا اور اس کے لیے کیا خاص شرائط رکھی جائیں گی۔ فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ مہدی تاج نے ایک تقریب کے موقع پر کہا کہ خوش قسمتی سے ملک کی سلامتی کونسل نے اس بات کی منظوری دے دی ہے اور اس پر عمل درآمد کا فیصلہ کرنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ملک کے سخت گیر مذہبی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مرد شائقین کے ساتھ اسٹیڈیم میں خواتین کے جانے کا کوئی جواز پیدا نہیں ہوتا۔ یاد رہے کہ ایران میں حالیہ برسوں میں خواتین شائقین کے لیے مقرر کردہ ضوابط میں ورلڈ گورننگ باڈی فیفا کے دباؤ میں آکر پابندیوں میں کچھ نرمی کی گئی ہے۔