ایرانی دفاعی نظام سے امریکی ڈرون پر فائر

   

تہران ۔ ایران کے فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے نزدیک امریکی فوج کے ڈرون جنرل ایٹمکس ایم کیو 9 ریپرپر انتباہی فائرنگ کی۔ ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی نے اس واقعہ کی اطلاع دی، لیکن مزید تفصیل نہیں بتائی۔ امریکی ڈرون کی جانب فائر کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور مغرب کے درمیان نیوکلیر سمجھوتے کی بحالی کے معاملے پر کشیدگی پائی جارہی ہے اورطرفین میں ابھی تک اس سمجھوتے کی بحالی سے ویانا میں مذاکرات دوبارہ شروع نہیں ہوسکے ہیں۔ گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران میں ابنائے ہرمز اور بحیرہ عرب میں کئی تجارتی اور تیل بردار غیرملکی جہازوں پر حملے کیے گئے ہیں۔امریکہ نے ایران پران حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپید نے زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ نیوکلیر معاہدے کی حمایت نہیں کرتے، لیکن فی الحال اس کے لیے ان کے پاس کوئی متبادل منصوبہ موجود نہیں ہے۔