ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو ملک کو درپیش ’’بہت سے مسائل‘‘کا اعتراف

   

امریکہ کے ساتھ معاہدہ جنگ سے نکلنے کا بہترین راستہ

تہران24اگست (یو این آئی) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اتوار کو اعتراف کیا کہ ایران کے عوام اس وقت ’’بہت سے مسائل‘‘کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ ایران کی معیشت کو مزید تنہا کرنے کے مقصد سے نئی پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کر رہا ہے ۔ پزشکیان نے جون میں واشنگٹن کے ساتھ طے پانے والے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کا دفاع کرتے ہوئے اسے موجودہ سفارتی تعطل سے نکلنے کا بہترین راستہ قرار دیا۔امریکہ اور ایران کے درمیان جون میں طے پانے والے مفاہمتی معاہدے کے تحت جنگ ختم کرنے اور ایران کے جوہری پروگرام پر معاہدہ کرنے کے لیے مقررہ 60 روزہ مدت گزشتہ ہفتے کسی پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئی، جس کے بعد دونوں ممالک ایک ایسی صورت حال میں ہیں جسے پزشکیان نے ’’نہ جنگ نہ امن‘‘کی کیفیت قرار دیا۔سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ایک تقریر میں پزشکیان نے کہا، ”میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت ہمارے معاشرے میں بہت سے مسائل ہیں۔ ہم حتی الامکان ان مسائل کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران عملی طور پر ”مکمل پیمانے کی اقتصادی، فوجی اور سلامتی کی جنگ” میں مصروف ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران پر ”سب سے زیادہ تباہ کن اور خوفناک پابندیاں” عائد کرنا چاہتے ہیں۔تاہم ایرانی صدر نے جون میں ٹرمپ کے ساتھ طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت کا دفاع کرتے ہوئے اسے موجودہ سفارتی تعطل توڑنے کے لیے ایران کا بہترین راستہ قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ اس معاہدے میں ایک بھی ایسی شق نہیں جو ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہو۔ سپریم لیڈر پالیسیاں طے کرتے ہیں اور ہم اسی راستے پر چلیں گے ۔پزشکیان نے یہ بھی کہا کہ سفارتی غیر یقینی صورتحال ملک کی اقتصادی مشکلات کو مزید بڑھا رہی ہے ، کیونکہ اس کے باعث ایران میں سرمایہ کاری لانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔بار بار عائد کی جانے والی پابندیوں اور امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی معیشت شدید متاثر ہوئی ہے ، جبکہ مہنگائی، بے روزگاری اور شرح تبادلہ میں شدید اتار چڑھاؤ نے عوام کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔پزشکیان نے کہاکہ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ مہنگائی، معاشی مشکلات اور بے روزگاری پر قابو پایا جائے اور عوام کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے تاکہ وہ عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ایران میں حالیہ برسوں کے دوران معاشی مشکلات بارہا بدامنی کا سبب بنی ہیں۔