ایرانی عوام امریکہ، اسرائیل اور سعودی کے حق میں بد دعائیں کریں : روحانی

   

تہران ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی نے اپنے ایک حالیہ خطاب کے دوران ایران کی کمزور ہوتی ہوئی معیشت کیلئے امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کو موردالزام ٹھہرایا اور ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ ان ممالک کو جتنی چاہیں بد دعائیں دیں۔ پیر کے روز ان کے خطاب کو سرکاری ٹیلیویژن پر راست نشر کیا گیا تھا۔ انہوں نے ایران کی حکومت کی ناقص کارکردگی پر تنقید کرنے والے ممالک کو ہی ایران کی کمزور پڑتی معیشت کیلئے موردالزام ٹھہرایا خصوصی طور پر ٹرمپ نے ایرانی نیوکلیئر معاہدہ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے ایران پر جو نئی تحدیدات عائد کردیں، اس نے ایران کی معیشت کو کمزور کیا کیونکہ اس سے ایران کے تیل کا شعبہ شدید طور پر متاثر ہوا۔ انہوں نے ایک بار پھر ایرانی عوام سے خواہش کی کہ وہ اپنی تمام ’’چنندہ بددعائیں‘‘ امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کیلئے محفوظ رکھیں جو ایران کو اس صورتحال تک پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔ البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ’’بددعائیں‘‘ کس نوعیت کی ہونی چاہئے۔ ملک میں پیدا ہوئے بحران سے ایک عام ایرانی شہری تک متاثر ہوا ہے جس کے بعد روحانی کے ناقدین کو بھی یہ موقع مل گیا کہ وہ ہر وقت روحانی کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔