تل ابیب ، 13 جون (یو این آئی) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی ڈرونز کو اسرائیلی حدود سے باہر ہی ناکارہ بنا دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے بعد اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے دعویٰ کیا کہ ایران نے سو سے زائد ڈرونز سے اسرائیل پر جوابی حملہ کیا تاہم تہران کی جانب سے بھیجے گئے ایرانی ڈرونز کو اسرائیلی حدود سے باہر ہی ناکارہ بنا دیا گیا ہے ۔دوسری جانب اسرائیل کی فضائی حدود بند کرکے ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور ریزرو فوج کو طلب کرلیا گیا ہے ۔اسرائیلی شہریوں کو محفوظ مقامات میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم سمیت دیگر اہم رہنماوں نے بھی محفوظ مقامات پر پناہ لے لی ہے ۔اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ شہری فوج کی ہدایات پر عمل کریں،شہریوں کو طویل عرصے تک پناہ گاہوں میں رہنا پڑسکتا ہے ۔اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے ایران پر حملے کی کامیابی کا دعوی کرتے ہوئے کہا حملوں میں ایران کے جوہری افزدوگی نظام اور نطنزجوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، ایران کے پاس نو ایٹم بم تیار کرنے کیلئے درکار یورینیم موجود ہے ۔ یہ آپریشن اتنے دنوں تک جاری رہے گا جتنے دن اس خطرے کو دور کرنے کیلئے لگیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اپنی بقاکی خاطرایرانی خطرے کوختم کرنے کیلئے ٹارگٹڈ ملٹری آپریشن شروع کیا، تہران میں پاسداران انقلاب کے صدر دفتر اور کئی جوہری سائنسدانوں کوبھی نشانہ بنایا، ہم اسرائیل کی تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر ہیں، ہماری لڑائی ایرانی عوام نہیں بلکہ ایرانی آمریت سے ہے ۔