ایرانی کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش شروع

   

تہران: ایران نے قومی سطح پر تیار شدہ کورونا وائرس ویکسین کی انسانوں پر آزمائش شروع کر دی ہے۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق آج بروز منگل وزیر صحت کی موجودگی میں ’کوویران باریکات‘ نامی ویکسن تین افراد کو لگائی گئی۔ اس کے علاوہ آزمائش کے پہلے مرحلے میں مزید 56 افراد کو یہ دوا دی جائے گی، جس کے نتائج کا اعلان ایک ماہ میں کیا جائے گا۔ ایرانی صدر حسن روحانی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ایران دیگر ممالک سے کورونا وائرس درآمد کرنے کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر تیار کی گئی ویکسین بھی استعمال کرے گا۔ تہران حکومت نے ویکسین خریدنے کے لیے 245 ملین ڈالر مختص کر رکھے ہیں تاہم امریکی پابندیوں کی وجہ سے اس کو ویکسین کے لیے ادائیگی میں دشواری کا سامنا ہو رہا ہے۔