ایران اور ہندوستان کے درمیان تجارتی اور معاشی سطح پر بہتر تعلقات

   

ریاستی گورنر سے کونسل جنرل ایران حق بین غومی کی ملاقات،تعلقات میں بہتری کیلئے نیک تمنائیں
حیدرآباد۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ہندوستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ کی امید ظاہر کرتے ہوئے حیدرآباد کے سبکدوش ہونے والے ایرانی کونسل جنرل سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ہز ایکسلینسی محمد حق بین غومی نے راج بھون میں گورنر سوندرا راجن سے الوادعی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کے ڈپٹی سکریٹری بی سرینواسلو بھی موجود تھے۔ ایران اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کے مسئلہ پر دونوں جانب سے خوشگوار بات چیت رہی۔ ایرانی کونسل جنرل نے کہا کہ معاشی، ثقافتی شعبہ جات کے علاوہ ایران اور ہندوستانی عوام کے درمیان تاریخی نوعیت کے تعلقات ہیں۔ یہ تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔ حق بین غومی نے گورنر سے درخواست کی کہ دونوں ممالک میں تجارت اور صنعت کے شعبہ میں فروغ کیلئے تعاون کریں۔گورنر سوندرا راجن نے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان معاشی تعلقات میں اضافہ ہوا ہے اور وہ اس ملاقات کے بارے میں صدرجمہوریہ اور مرکزی حکومت کو رپورٹ پیش کریں گی۔ گورنر نے حق بین غومی کو کونسل جنرل کی حیثیت سے میعاد کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ ہندوستان اور ایران کے درمیان تجارتی سطح پر تعلقات بالخصوص چابہار پورٹ کی تعمیر میں ہندوستانی حکومت کے تعاون کا ذکر کیا گیا۔ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں بہتر تعاون کیلئے دونوں ممالک کو آگے آنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔ گورنر نے کہا کہ میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی روابط سے واقف ہوں اور میں تعلیم ، تجارت اور دیگر شعبہ جات میں تعلقات میں بہتری کیلئے تعاون کروں گی۔ گورنر نے کہا کہ کئی ایرانی طلبہ اعلیٰ تعلیم کیلئے تلنگانہ کا رُخ کررہے ہیں اور انہیں ریاستی حکومت کے علاوہ مقامی عوام کا تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے کونسل جنرل بہتر تعلقات کے سلسلہ کو مزید استحکام دیں گے۔ حق بین غومی نے حیدرآباد اور اصفہان کے درمیان تاریخی معاہدہ کا ذکر کیا جو آخری مراحل میں ہے۔ فریقین نے معاہدہ کا مسودہ تیار کرلیا ہے اور ریاستی حکومت کی منظوری کا انتظار ہے۔ گورنر نے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں معاہدہ کی تکمیل کیلئے حکومت سے نمائندگی کریں گی۔