ایران: بااثر عالم حملے میں جاں بحق، حملہ آور گرفتار

   

تہران : ایران کے بااثر اور معروف عالم آیت اللہ عباس علی سلیمانی مسلح حملے میں جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایران کے بااثر عالم اور سپریم لیڈر کا انتخاب کرنے والی اسمبلی کے رکن آیت اللہ عباس علی سلیمانی کو مسلح شخص نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، تاہم حملے آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’آئی آر این اے‘ کے مطابق آیت اللہ عباس علی سلیمانی کو صبح کے وقت مسلح حملہ میں قتل کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مذہبی شخصیت پر حملہ ایران کے شمالی صوبے مازندران کے شہر بابولسر میں ہوا۔حکام کا کہنا ہے کہ حملے کا مقصد ابھی واضح نہیں ہے لیکن اس کا تعین کرنے کے بعد اعلان کیا جائے گا۔صوبہ مازندران کے گورنر محمود حسینی پور نے کہا کہ حملہ آور مقامی بینک کا سیکیورٹی اہلکار ہے۔گورنر نے سرکاری ٹیلی ویژنپر کہا کہ تاحال ہماری معلومات اور دستاویزات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کوئی دہشت گردی یا سکیورٹی کا معاملہ نہیں تھا۔قبل ازیں آیت اللہ عباس علی سلیمانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندے تھے۔رپورٹ کے مطابق آیت اللہ عباس علی سلیمانی امام بھی رہ چکے ہیں جنہوں نے صوبہ اصفہان کے وسطی شہر کاشان اور جنوب مشرقی صوبہ سیستان بلوچستان کے شہر زاہدان میں ہفتہ وار نماز جمعہ کی امامت کی تھی۔