واشنگٹن : سینئر امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے کچھ اہم مطالبات سے دستبردار ہو گیا ہے جس کی بدولت معاہدہ جلد طے پانے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکا کا مقصد یورپی یونین کی طرف سے تجویز کردہ معاہدے کے مسودے کا جلد جواب دینا ہے تاکہ ایران کے ساتھ 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کیا جا سکے جسے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ترک کر دیا تھا البتہ موجودہ صدر جو بائیڈن اس کی بحال کے لیے کوشاں ہیں۔ایک سینئر امریکی عہدیدارنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اگرچہ تہران کہتا رہا ہے کہ واشنگٹن نے معاہدے میں کچھ رعایتیں دی ہیں لیکن ایران کچھ اہم مطالبات سے پیچھے ہٹ گیا ہے، وہ گزشتہ ہفتے آئے تھے اور معاہدے کی راہ میں حائل اصل رکاوٹ کو دور کردیا ہے۔