سری نگر، 19 جون (یو این آئی) وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ ایران سے نکالے گئے جموں و کشمیر کے 94 طلبا بحفاظت دہلی پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان کے گھر کی طرف ہموار سفر کو یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات کر رہی ہے ۔عمر عبداللہ کے دفتر کے ’ایکس‘ ہینڈل پرجمعرات کی صبح ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ ایران سے نکالے گئے ہمارے 94 طلبا بحفاظت دہلی پہنچ گئے۔پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ حکومت ان کے گھر کی طرف ہموار سفر کو یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات کر رہی ہے ، جو اگلے چند گھنٹوں میں مکمل ہو جائے گی۔ قبل ازیں مذکورہ ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے ایران سے نکالے گئے طالب علموں کو دہلی سے جموں و کشمیر لے جانے کے لیے رکھی گئی بسوں کے معیار سے متعلق درخواست کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریذیڈنٹ کمشنر کو جے کے آر ٹی سی کے ساتھ تال میل کا کام سونپا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ڈیلکس بسوں کا مناسب بندوبست کیا جائے ۔
عمر عبداللہ وندے بھارت ٹرین سے کٹرہ روانہ ہوئے
سری نگر، 19 جون (یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جمعرات کو حال ہی میں لانچ کی گئی وندے بھارت ایکسپریس کے ذریعے سری نگر سے کٹرہ روانہ ہوئے ۔اس دوران ان کے مشیر ناصر اسلم وانی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ آج صبح عمر عبداللہ یہاں نوگام ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ٹرین میں سوار ہو کر کٹرہ کے لئے روانہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کٹرہ سے جموں جائیں گے ۔ زائد از ایک ہفتہ قبل عمر عبداللہ کے والد اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ بھی اسی ٹرین کے ذریعے کٹرہ روانہ ہوئے تھے .ان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ٹرین میں سفر کرنے کے دوران مجھے خوشی سے آنسو آگئے کہ کیا سچ مچ وہ دن آگیا جب میں ریل میں بیٹھ کر ملک کے باقی حصوں میں جا سکوں گا۔انہوں نے مزید کہنا تھا کہ یہ ٹرین نہ صرف جموں و کشمیر کو ملک کے باقی حصوں ساتھ جوڑے گی بلکہ اس سے پیار اور محبت بھی بڑھ جائے گا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 6 جون کو وندے بھارت ٹرین کا افتتاح کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے پیش نظر ایران میں زیر تعلیم طلبا کے والدین اپنے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے کافی فکر مند ہیں اور ان کی وطن واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔