ایران نے شام سے فوجی کمانڈر واپس بلانا شروع کر دیئے

   

تہران: عراقی اہلکار اور ایک علاقائی سفارت کار کے مطابق ایران نے شام سے اپنے کچھ فوجی کمانڈر واپس بلانا شروع کر دیے ہیں۔ دوسری طرف مسلح دھڑوں نے شمال سے دارالحکومت دمشق کی طرف اپنی تیز رفتار پیش قدمی جاری رکھی ہے ۔جمعرات کو حمات شہر پر مسلح گروپس کے حملے کے بعد ایران نے جمعہ کو پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈروں کو نکالنا شروع کر دیا تھا۔عراقی اہلکار کے مطابق ایران نے غیر ضروری سفارتی عملے اور سفارت کاروں کے اہل خانہ کو بھی دمشق سے نکالنا شروع کردیا ہے ۔عراقی اہلکار کے مطابق ایران نے انخلاء کا حکم اس لیے دیا کیونکہ اسے خدشہ تھا کہ شام میں تباہی کے بعد اس کا محاصرہ کر لیا جائے گا۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ دمشق میں ایرانی سفارت خانہ اب بھی کام کر رہا ہے ۔ علاقائی سفارت کار نے کہا کہ شام سے نکلنے والے زیادہ تر فوجیوں نے دمشق کے ہوائی اڈے سے ہوائی جہاز کے ذریعہ شام سے رخت سفر باندھا۔