تہران : ایران میں قید برطانوی امدادی کارکن نازنین زاغری ریٹکلِف کو ان کا پاسپورٹ واپس لوٹا دیا گیا ہے۔ یہ بات برطانوی خاتون رکن پارلیمان ٹیولپ صدیق نے کہی ہے۔ صدیق کے مطابق وہ سمجھتی ہیں کہ ایک برطانوی مذاکراتی ٹیم تہران میں موجود ہے جہاں نازنین زاغری کو گھر پر نظربند رکھا گیا ہے۔ زاغری کو 2016ء میں تہران ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا اور الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کی تھی۔ زاغری کے شوہر رچرڈ ریٹکلف نے گزشتہ برس لندن میں برطانوی دفتر خارجہ کے باہر بھوک ہڑتال کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت نازنین کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کر رہی۔