تہران۔ 21 جون (ایجنسیز) مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی کے دوران اسرائیلی حملوں میں ایران میں اب تک کم از کم 430 افراد جاں بحق اور 3500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے اعداد و شمار کے مطابق ایران پر 13 جون سے جاری اسرائیلی فضائی اور میزائل حملوں میں اب تک کم از کم 430 ایرانی شہری شہید ہو چکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد 3 ہزار 500 سے تجاوز کر چکی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین، بچے، معمر افراد اور متعدد سرکاری اہلکار بھی شامل ہیں۔ گزشتہ روز جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کی کارروائیوں کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایرانی عوام پر بلااشتعال جنگ مسلط کی ہے، جو عالمی امن، بین الاقوامی قوانین اور جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہے۔