تہران: ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے جمعہ کو اپنے لبنانی ہم منصب جوزف عون کے انتخاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہیکہ اتحاد اسرائیل کو شکست دے گا۔ لبنان میں دو سال سے زائد عرصے تک سربراہِ مملکت نہیں تھا۔ پیزشکیان نے عون کے نام ایک پیغام میں کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ استحکام اور اتحاد کی تقویت لبنانی سرزمین کے خلاف صہیونی دشمن کے لالچ کو شکست دے گی۔ جمعرات کو عون کے انتخاب کے بعد ایران کی میڈیا نے پیزشکیان کا یہ بیغام شائع کیا۔ پیزشکیان نے امید ظاہر کی کہ یہ انتخاب سیاسی استحکام، اقتصادی بہتری اور زیادہ ترقی کے ساتھ ساتھ لبنان کے لوگوں کیلئے امن و سکون کا باعث بنے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران تمام شعبوں میں لبنان سے تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے تیار ہے۔