ایران کا پاکستان پر فضائی حملہ‘حالات پر ہندوستانی کی قریبی نظر

   

نئی دہلی : ہندوستان کے اعلیٰ انٹیلی جنس ذرائع نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ایران کی طرف سے پاکستان میں حملہ کی کارروائی اس کا اندرونی معاملہ ہے اور ہندوستان پوری صورتحال پر گہری نظر رکھ رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے اس حملے سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے۔ اب حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ مسلم دنیا بھی ان پر حملے کرنے لگی ہے۔ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر پہلے طالبان نے حملہ کیا تھا۔ اس کے بعد اب ایران بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔ اس کو بھی پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے صوبہ بلوچستان میں دہشت گرد تنظیم جیش العدل سے وابستہ اہداف کو نشانہ بنا کر فضائی حملے کیے جانے پر ایران کو سنگین نتائج کی وارننگ دی ہے۔ ایران کے ان حملوں میں دو بچوں کی بھی موت ہوگئی اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔ منگل کو پاکستان میں دہشت گرد گروپ جیش العدل کے دو ٹھکانوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر لیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی یہ کارروائی اس کی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی ہے۔