ریاض ۔ 4اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کا کہنا ہے کہ مملکت یمن میں اعلان کردہ جزوی فائر بندی کو مثبت نظر سے دیکھتی ہے اور امید کرتی ہے کہ اس کو واقعتا نافذ کیا جائے گا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی اس بات کو باور کرا چکے ہیں۔شہزادہ خالد بن سلمان نے اپنی سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ ایران کی جانب سے یمن میں جزوی فائربندی کی بات کرنا درحقیقت ’’سستی سودے بازی‘‘ اور یمن اور اس کے عوام کے استحصال کی کوشش ہے ،،، جب کہ اس سے قبل ایرانی نظام خود یمن میں بحران پیدا کر کے اسے مسلسل بھڑکاتا رہا ہے۔سعودی نائب وزیر دفاع کے مطابق ایرانی نظام اپنے مفادات کی خاطر انتہائی گھٹیا طریقے سے یمن کے استحصال کے لیے کوشاں ہے۔ ایک طرف ایران خود کے دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذمے دار ہونے سے فرار اختیار کر کے یمنیوں کو ملامت اور الزامات کا نشانہ بنا رہا ہے اور دوسری طرف وہ یمنیوں کی جانب سے خود جزوی فائر بندی کے لیے کوشاں ہونے کی بات کر کے یمنی عوام کی حیثیت کم کر رہا ہے۔
