ایران کے امارات اور کویت سے سفارتی تعلقات بحال

   

تہران: ایران اور مغربی ملکوں کے درمیان جوہری مذاکرات کے حوالے سے مثبت اشاروں کے دوران ، متحدہ عرب امارات اور کویت دونوں نے تہران کے ساتھ سفارتی تعلقات خاموشی سے بحال کر لیے ہیں۔ ایران کی وزارتِ خارجہ نے پیر کو بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی پر بات چیت بھی مثبت سمت میں جا رہی ہے۔تہران اور اس کے دیرینہ دشمن ریاض کے درمیان سفارتی سطح پر تجدید تعلقات کی بات چیت پر خطے کے ممالک کی نظریں مرکوز ہیں۔ ایران ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات 2016 میں سعودی شیعہ عالم نمر النمر کی پھانسی کے بعد منقطع ہو گئے تھے۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ مثبت علاقائی ماحول سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات کی ممکنہ بحالی کی امید کو تقویت دے رہا ہے۔عراق اور عمان دونوں نے تہران اور ریاض کے درمیان غیر سرکاری مذاکرات کی ثالثی میں مدد کی ہے۔