ایران کے نیوکلیر سربراہ کو ویانا اجلاس میں شرکت سے روک دیا گیا

   

تہران۔ 14 ستمبر (ایجنسیز)ایران کے نیوکلیر امور کے سربراہ محمد اسلامی کو پیرکے روز ویانا میں اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی کے صدر دفتر میں ہونے والی سالانہ کانفرنس میں شرکت سے روک دیا گیا۔ ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق اس اقدام کے پس پشت امریکہ کی مخالفت کارفرما تھی۔ سرکاری نشریاتی ادارے نے بتایا کہ محمد اسلامی اور ان کے وفد نے ہفتہ کو معمول کی پرواز کے ذریعہ ویانا کے لیے سفرکیا تھا، لیکن راستے میں امریکی رکاوٹوں کے باعث انہیں روک دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اسلامی واپس دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔ ایران نے پیرکو اعلان کیا کہ اس نے آسٹریا کے ناظم الامورکو طلب کیا ہے، کیونکہ آسٹریا نے ایرانی نیوکلیر سربراہ اور ان کے وفد کو اجلاس میں شرکت کے لیے ویزے جاری کرنے سے انکارکردیا تھا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تہران میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد کو ویزے جاری نہ کرنے کا آسٹریائی حکومت کا فیصلہ مکمل طور پر بلاجواز ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہمارے لیے یہ واضح ہے کہ یہ واقعہ امریکی دباؤکے تحت پیش آیا، لیکن اس سے آسٹریائی حکومت کی ذمہ داری ختم نہیں ہوجاتی۔