ایرپورٹ میٹرو ٹرین کے لیے عالمی ٹنڈرس کی طلبی

   

ٹنڈرس کی وصولی کے ساتھ ہی تعمیری کاموں کا آغاز : ایم ڈی
حیدرآباد۔17۔مئی ۔ (سیاست نیوز) ائیرپورٹ میٹرو کا سنگ بنیاد رکھے جانے اور بیشتر تجربات کی تکمیل کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل نے ائیر پورٹ میٹرو کے لئے ٹنڈر طلب کرلیا ہے۔ عالمی ٹنڈر کے متعلق منیجنگ ڈائریکٹر میٹرو ریل پراجکٹ مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ اس راہداری پر میٹرو ریل کے تعمیری کامو ںکے لئے کھلا ٹنڈر طلب کیا گیا ہے جو کہ عالمی ٹنڈر ہے یعنی اس ٹنڈر میں عالمی کمپنیا ں بھی حصہ لے سکتی ہیں۔ 5688 کروڑ کے اس پراجکٹ کے لئے ٹنڈر طلب کئے جانے کے بعد جاری کی گئی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ اس ٹنڈر میں میٹرو ریل کے تمام تعمیری کام بشمول اسٹیشن کی تعمیر‘ پلرس‘ ٹیرک کے کام ‘ الیکٹریکل اور میکانیکل کے علاوہ سگنلنگ و دیگر مواصلاتی نظام کی تنصیبات شامل ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ اسی ٹنڈر میں آٹومیٹک فئیر کلکشن گیٹس کے علاوہ دیگر کاموں کے بھی ٹنڈر میں شامل کیا گیا ہے۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ ائیر پورٹ میٹرو کے تعمیراتی کاموں کے آغاز سے قبل سروے ‘ مٹی کی جانچ اور اراضیات کی جانچ کے علاوہ دیگر کام تیزی سے جاری ہیں اور ٹنڈر کی وصولی کے عمل کے اختتام کے ساتھ ہی ائیر پورٹ میٹرو کے تعمیری کاموں کا فوری طور پر آغاز کردیا جائے گا۔رائے درگ سے ائیر پورٹ ٹرمنل تک تعمیر کئے جانے والے 31کیلو میٹر طویل اس راہداری میں 29.3کیلو میٹرو میٹرو پلرس پر اوپر سے جائے گی جبکہ 1.7 کیلو میٹر میٹرو ٹرین زیر زمین چلائی جائے گی۔م