حیدرآباد میں متاثرین کی تعداد 7 ہوگئی ۔ جی ایچ ایم سی کے ہر سرکل میں آئسولیشن سنٹر قائم کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔16۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون ویرینٹ سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور آج چار بین الاقوامی مسافرین کا راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ شمس آباد پر نتیجہ پازیٹیو رہا ہے ۔ ان میں اومی کرون ویرینٹ کی توثیق ہوئی ہے ۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں جمعرات کو اومی کرون کے چار کیس آئے ہیں۔ یہ چاروں بین الاقوامی مسافرین ہیں۔ ان میں تین کا تعلق کینیا سے ہے اورا یک شخص ہندوستانی نژاد ہے ۔ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے بتایا کہ اومی کرون ویرینٹ سے متاثر پائے جانے والے افراد کے رابطے میں آنے والوں کا پتہ چلانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اومی کرون ویرینٹ سے متاثرہ ہونے والے چار افراد کے تعلق سے ایک ہیلت بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ایک مسافر جوکھم والے ممالک سے حیدرآباد پہونچا تھا جبکہ تین مسافرین ایسے ہیں جو ایسے ممالک سے آئے تھے جہاں اومی کرون کا خطرہ نہیں تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو جملہ 120 بین الاقوامی مسافرین راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ پہونچے تھے جن میں ایک کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے ۔ اب تک شمس آباد آنے والے مسافرین میں جملہ 7 اومی کرون ویرینٹ کے متاثرین پائے گئے ہیں جن میں ایک 7 سالہ بچہ بھی شامل ہے جو اپنے افراد خاندان کے ساتھ یہاں پہونچا تھا پھر وہ کولکتہ روانہ ہوگیا ۔ مابقی چھ اومی کرون پازیٹیو مریضوں میں دو کو ٹمس گچی باؤلی میں شریک کیا گیا ہے جبکہ چار سے متعلق تفصیلات کا انتظار ہے ۔ اس دوران بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے کورونا کی شدت سے نمٹنے کے اقدامات بھی شروع کردئے گئے ہیں اعلی عہدیداروں نے بلدی عملہ کو ہدایت دی ہے کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں ہر بلدی سرکل میں ایک آئسولیشن سنٹر قائم کیا جائے تاکہ متاثرین کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں مریضوں کو سہولت مل سکے ۔ اس کے علاوہ یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران جی ایچ ایم سی کے حدود میں جو آئسولیشن سنٹرس قائم تھے انہیں برقرار رکھا جائے اور سینیٹائز کیا جائے ۔