ایرپوریٹ پر مسافرین کو وداع کرنے والوں کی تعداد پر پابندی : نارائن ریڈی ڈی سی پی

   

شمس آباد /10 اگست ( سیاست نیوز ) شمس آباد ڈی سی پی نارائن ریڈی نے شمس آباد ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے بیرون ممالک تعلیم حاصل کرنے کیلئے روانہ ہونے والے طلباء اور ان کے والدین و دوست احباب سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر ڈی سی پی نے کہا کہ طلباء کو رخصت کرنے ایک طالب علم کے ساتھ 30 تا 70 افراد ایرپورٹ پہونچ رہے ہیں ۔ جس سے کئی مسائل جیسے ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوگیا ۔ ریمپ پر گاڑی کو صرف 90 سکنڈ روکنے کی اجازت ہے ۔ ریمپ پر گاڑیاں زیادہ تعداد میں آنے سے مسافرین کو بھی مشکلات ہو رہی ہیں اور مقامی پولیس ، سی آئی ایس ایف و دیگر عملہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شمس آباد ایرپورٹ سے روزآنہ 70 ہزار افراد کی آمد و رفت ہے ۔ جس میں 55 ہزار ڈومسٹک اور 15 ہزار انٹرنیشنل مسافرین شامل ہیں ۔ شمس آباد ڈی سی پی نے عوام سے اپیل کی کہ ملک کی یوم آزادی کے موقع پر 10 تا 20 اگست تک ایرپورٹ پر ہائی الرٹ ہے جس کی وجہ سے ایرپورٹ کے اندرونی حصہ میں صرف مسافروں کو ہی اجازت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم کے ساتھ صرف والدین ہی آئیں تاکہ طالب علم کو بھی سہولت ہوسکے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی پی رام کمار ، اے سی پی رام چندر راؤ انسپکٹر سرینواس اور اسٹاف موجود تھا ۔