ایر انڈیا طیارہ کے اغواء کی دھمکی ، ممبئی کنٹرول سنٹر کو فون کال موصول

,

   

نئی دہلی ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایر انڈیا کے ممبئی کنٹرول سنٹر کو آج ایک فون کال موصول ہوا جس میں دھمکی دی گئی کہ اس کے طیارہ کا اغواء کرلیا جائے گا ۔ دھمکی ملنے کے باعث بیوریو سیول ایویشن سیکوریٹی نے تمام ایر لائنس اور سی آئی ایس ایف کو حکم جاری کیا کہ وہ سیکوریٹی کو یقینی بنانے اقدامات کریں ۔ یہ ٹیلی فون پیام اسٹیشن ڈیوٹی آفس ایر انڈیا کو موصول ہوا ۔ کہا گیا کہ انڈین ایر لائنس طیارہ کو اغواء کر کے پاکستان لے جایا جائے گا ۔ ایک نامعلوم شخص نے یہ فون کیا جس کے بعد اس کا پتہ چلانے کی کوشش کی گئی ۔ ممبئی پولیس کرائم برانچ نے اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فون کال کا پتہ لگانے کی کوشش کی ۔ بیوریو نے 23 فروری کے نوٹ میں کہا کہ ممبئی کے ایر ایشیا ایرپورٹ آپریشن کنٹرول سنٹر کو طیارہ اغواء کرنے کی دھمکی ملی ہے ۔ واضح رہے کہ پلوامہ دہشت گرد حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کی ہندوستانی جیل سے رہائی کے لیے ایک طیارہ کا اغواء کر کے قندہار لے جایا گیا تھا ۔ انڈین ایر لائنس طیارہ 814 کو جو نیپال کے کھٹمنڈو سے دہلی میں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے لیے پرواز کررہا تھا 24 دسمبر 1999 کو اغواء کیا گیا تھا ۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لیے حکومت ہند نے 3 دہشت گردوں مشتاق احمد زرگر ، احمد عمر سعید شیخ اور مولانا مسعود اظہر کو رہا کرنے سے اتفاق کیا تھا ۔ اس کے بعد مولانا مسعود اظہر نے 2000 میں جیش محمد تشکیل دیا تھا ۔۔