ایس آئی آر سروے شناخت کا عمل ہے ، خوف کی کوئی بات نہیں : مشتاق علی ندوی

   

بھوپال، 7 نومبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے قاضی ِشہر مولانا مشتاق علی ندوی نے مسلم سماج سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری ووٹر فہرست پر خصوصی تفصیلی نظر ثانی (ایس آئی آر) عمل کے سلسلے میں کسی بھی طرح کی افواہوں یا غلط فہمیوں میں نہ پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروے شہریوں کی شناخت اور دستاویزی ریکارڈ کو مضبوط بنانے کا ایک قانونی اور ضروری عمل ہے ۔ قاضی شہر مشتاق علی ندوی نے کہا کہ جب بھی ایس آئی آر کے تحت کوئی سرکاری اہلکار یا افسر آپ کے گھر آئے تو ان کے ساتھ پوری ایمانداری اور تعاون سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جو دستاویزات مانگی جائیں، انہیں دیانت داری سے فراہم کریں۔ اگر آپ گھر پر موجود نہ ہوں تو اپنے گھر کے ذمہ دار افراد کو پہلے سے آگاہ کر دیں تاکہ وہ افسران کو مطلوبہ کاغذات دے سکیں۔مولانا ندوی نے مزید کہا کہ یہ ڈرنے کا نہیں بلکہ ذمہ داری نبھانے کا عمل ہے ۔