مودی حکومت میں اقلیتوں کیخلاف امتیازی سلوک اور زیادتیوں میں اضافہ ، اقوام متحدہ ماہرین اور انسانی حقوق تنظیموں کا دعویٰ
واشنگٹن، 20 نومبر (ایجنسیز) امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے الزام عائد کیا ہے کہ ہندوستان میں ووٹر لسٹوں پر جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران مذہبی اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور ملک بھر میں کروڑوں افراد کے نام ووٹر لسٹوں سے خارج کیے گئے ہیں۔ کمیشن نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ اس عمل کے ذریعے مسلمانوں کو انتخابی فہرستوں سے خارج کرنے، انہیں غیر ملکی قرار دینے اور اب غیر قانونی طور پر ملک بدر کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کے چیئرمین آصف محمود نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستانی حکومت مسلم شہریوں کو ووٹر لسٹوں سے نام خارج کرکے نشانہ بنارہی ہے، انہیں غیر ملکی قرار دیا جارہا ہے اور اب غیر قانونی طور پر ملک بدر بھی کیا جارہا ہے۔ہندوستان میں ووٹر لسٹوں پر نظرثانی کے دوران تقریباً 13 کروڑ نام خارج کیے گئے ہیں، جو میکسیکو کی مجموعی آبادی کے لگ بھگ ہیں۔ اسے ملک کی تاریخ میں ووٹروں کے نام خارج کیے جانے کا سب سے بڑا عمل قرار دیا جارہا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اس کارروائی سے مسلمانوں پر غیر متناسب اثر پڑا ہے، جو ہندوستان کی سب سے بڑی مذہبی اقلیت ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ 2014 میں وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلمانوں کو امتیازی پالیسیوں اور بڑھتے ہوئے تعصب کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ہندوستانی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹوں سے دوہرے اندراج، فوت شدہ، دوسری جگہ منتقل ہونے والے اور دیگر نااہل ووٹروں کے نام حذف کیے جارہے ہیں۔ کمیشن کے مطابق اگر کسی اہل ووٹر کا نام غلطی سے خارج ہوگیا ہے تو وہ اپیل کے ذریعے اپنا نام دوبارہ شامل کرواسکتا ہے۔ایس آئی آر کا یہ عمل مشتبہ غیر قانونی تارکین وطن کی شناخت اور انہیں ملک سے نکالنے کی ایک الگ مہم سے بھی جڑ گیا ہے، حالانکہ ووٹر لسٹ سے کسی کا نام خارج ہوجانے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ لازماً غیر ملکی شہری ہے۔اقوام متحدہ کے ماہرین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کے دور میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف زیادتیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر میں اضافہ، مذہب کی بنیاد پر شہریت سے متعلق قانون، جسے اقوام متحدہ نے بنیادی طور پر امتیازی قرار دیا ہے، مسلم ملکیت والی جائیدادوں کا انہدام، مسلم اکثریتی جموں و کشمیر کی خصوصی خودمختاری کا خاتمہ اور مذہب تبدیل کرنے کے خلاف قوانین جیسے اقدامات مذہبی اقلیتوں کے حقوق اور آزادی کو متاثر کررہے ہیں۔ امریکی کمیشن کے رکن جین ملز نے امریکی محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا کہ ہندوستان کو مذہبی آزادی کے حوالے سے تشویشناک ممالک کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (USCIRF) امریکی حکومت کا دو جماعتی ادارہ ہے، جو دنیا بھر میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر نظر رکھتا ہے اور پالیسی سے متعلق سفارشات پیش کرتا ہے۔ تاہم اس کی سفارشات لازماً پابند نہیں ہوتیں۔ واشنگٹن نے ہندوستان کے تعلق سے کمیشن کی حالیہ سفارشات پر اب تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے امریکی کمیشن کو جانبدار قرار دیتے ہوئے اس کی تنقید کو بارہا مسترد کیا ہے اور اسے ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت سے تعبیر کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہندوستان اس ادارہ کو جانبدار تنظیم سمجھتا ہے، جس کا سیاسی ایجنڈا واضح ہے۔ ان کے بقول، ایسی متعصب تنظیم کی تنقید کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں ہے۔