ایس ایس سی امتحانات کی تیاری پر طلبہ اور اسکول انتظامیہ الجھن کا شکار

   

پری بورڈ امتحانات کے انعقاد پر تشویش ، سالانہ امتحانات کے انعقاد یا پاس قرار دینے کا عدم فیصلہ
حیدرآباد۔ ایس ایس سی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ اور اسکولوں کے ذمہ داران کے علاوہ اساتذہ الجھن کا شکار ہیں اور طلبہ کا یہ ماننا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سال گذشتہ کی طرح اس سال بھی تمام طلبہ کو کامیاب قرار دینے کا فیصلہ کیا جائے گا جبکہ اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے ایس ایس سی طلبہ کی ذہن سازی کرتے ہوئے انہیں امتحانات کیلئے تیار رہنے کی تاکید کر رہے ہیں جبکہ اساتذہ کا کہناہے کہ اب جبکہ حکومت کی جانب سے اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تعلیمی سال کے مجموعی اعتبار سے 40 دن باقی ہیں اور اس مدت کے دوران ایس ایس سی طلبہ کے لئے پری بورڈ امتحانات کے انعقاد بھی کرنا تھا اور ان 40یوم کے دوران تعلیمی نصاب بھی مکمل کرنا تھا لیکن آن لائن کلاسس کے دوران ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔ ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 17تا22مئی کے دوران ایس ایس سی امتحانات منعقد کئے جانے ہیں ۔ اساتذہ کے مطابق ریاست بھر میں تمام سرکاری ‘ امدادی ‘ غیر سرکاری اسکولوں میں مکمل کئے گئے نصاب کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 50تا60 فیصد نصاب کو مکمل کیا جا سکا ہے جبکہ ریاستی حکومت کی جانب سے 30 فیصد نصاب کی تخفیف کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ جو امتحانات منعقد کئے جائیں گے وہ 70 فیصد نصاب میں سے منعقد کئے جائیں گے ۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایس ایس سی کے جملہ 11پرچوں میں تخفیف کرتے ہوئے انہیں 6کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور اس فیصلہ کا انحصار محکمہ تعلیم کی جانب سے تیار کئے گئے تعلیمی کیلنڈر اور اس میں فراہم کی گئی 70 فیصد نصاب کی گنجائش کی بنیاد پر کیا گیا تھا لیکن اب جبکہ اسکولوں کو ایک مرتبہ پھر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تو ریاست میں ایس ایس سی طلبہ کے علاوہ دیگر جماعتوں کے طلبہ بھی اپنے امتحانات کے سلسلہ میں مخمصہ کا شکار بنے ہوئے ہیں۔اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایس ایس سی طلبہ کے لئے پری بورڈ امتحان کے انعقاد کا مقصد ان کی تحریری صلاحیتو ںکو بہتر بنانے کیلئے بورڈ امتحان کیلئے انہیں تیار کرنا ہوتا ہے اور اپریل کے آخری ہفتہ میں بیشتر اسکولوں کی جانب سے ایس ایس سی طلبہ کے لئے پری بورڈ امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب جبکہ اسکول بند ہیں تو پری بورڈامتحانات کے انعقاد کی گنجائش بھی نہیں ہے اور نہ ہی ایس ایس سی طلبہ کے نصاب کو تکمیل کئے جانے کی توقع ہے۔