ایس ایس سی انگلش پرچہ دوم کی تاریخ میں تبدیلی کا امکان

   

حیدرآباد۔ 28 فروری (سیاست نیوز) قانون ساز کونسل انتخاب کیلئے 22 مارچ کو امتحانات ایس ایس سی کے انگلش پرچہ دوم کو ملتوی کئے جانے کا امکان ہے۔ 22 مارچ کو حلقہ گریجویٹ اور حلقہ اساتذہ زمرہ کے تحت ارکان کونسل کے انتخابات کی وجہ سے اساتذہ تقریباً حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ اگر اساتذہ امتحانی ڈیوٹی دیں تو وہ اپنا ووٹ دینے سے محروم ہوجائیں گے۔ لہذا 22 مارچ کو امتحان (انگریزی پرچہ II ) کو ملتوی کرنا ناگزیر ہوگا۔ امتحان کی تاریخ تبدیل یا ملتوی کی جاسکتی ہے لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے کونسل انتخابات کی تاریخ کو تبدیل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ اسی دوران بعض ٹیچرس یونینوں بشمول صدر تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس یونین جناب محمد عبداللہ کے علاوہ آر ٹی یو کے قائدین انجی ریڈی اور چنیا نے سکریٹری تعلیم سے نمائندگی کرکے 22 مارچ کو انگریزی پرچہ دوم کو ملتوی کرنے کی خواہش کی جس پر عہدیداروں سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد کوئی قطعی فیصلہ کرنے تیقن دیا۔