ایس ایس سی سپلیمنٹری امتحانی نتائج کا اعلان

,

   

جگتیال سرفہرست ، حیدرآباد سب سے آخری مقام پر
حیدرآباد۔6جولائی(سیاست نیوز) تعلیمی سال برائے2018-19میں ایس ایس سی اڈوانس سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کا ہفتہ کی دوپہر ڈائرکٹربرائے اسکول ایجوکیشن تلنگانہ بی سدھاکر کے ہاتھوں اعلان عمل میں آیا۔اس موقع پر بورڈ کے دیگر ذمہ داران ڈپٹی کمشنر کے سرینواس رائو‘ ایڈیشنل کمشنر سری ہری‘ ڈپٹی ڈائرکٹر وردھا چاری ‘ ایم لکشمی نارائنہ اور دیگر بھی موجود تھے۔بی سدھاکر نے اس موقع پر نتائج کی سی ڈی جاری کی جس کے لئے پاسورڈ ’آئی لو مائی جاب‘مقرر کیاگیاتھا۔ تلنگانہ کے31اضلاع میںسرفہرست ضلع جگتیال 96.50فیصد کامیاب نتیجے کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ حیدرآباد کو34.08فیصد کے ساتھ سب سے آخری درجہ حاصل ہوا ۔ بی سدھاکر نے میڈیا کو بتایا کہ ایس ایس سی کے اڈوانس سپلیمنٹری امتحانات 10جون سے 24جون ‘2019تک منعقد کئے گئے تھے اور پرچوں کی جانچ 26جون سے 28جون کے درمیان کی گئی ۔ انہو ںنے کہاکہ مذکورہ امتحانات میں61,436طلبہ نے اپنا نام درج کرایاتھا جس میں سے 50192طلبہ نے ہی امتحانات میںحصہ لیا اور26,898طلبہ کامیاب ہوئے ۔ انہوںنے کہاکہ ریاست بھر میںکامیاب طلبہ کا مجموعی تناسب53.59فیصد رہا ہے۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن تلنگانہ مسٹر بی سدھاکر نے کہاکہ پچھلے سال اڈوانس سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کے مقابلہ اس سال 7.8فیصد بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں جس میں کامیاب ہونے والے طلبہ کا تناسب50.92ہے جبکہ طالبات کی کامیابی کے تناسب 57.90فیصد ہے جو کہ سات فیصد زیادہ ہے۔انہوںنے کہاکہ امتحانات میں حصہ لینے والے طلبہ کی جملہ تعداد 36933تھی جبکہ طالبات کی تعداد 24503جس میں سے30999طلبا اور19193طالبات نے کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے بہتر مستقبل کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیااور ایس ایس سی بورڈ کے تمام اراکین او رذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ www.bsetelangana.gov.inپر نتائج کامشاہدہ کیاجاسکتا ہے۔