انٹرنل امتحانات کے نتائج کی بنیاد پر گریڈ دیا جائیگا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کا فیصلہ
حیدرآباد۔8جون(سیاست نیوز) ایس ایس سی امتحانات کے منتظر تمام طلبہ کو حکومت نے بغیر امتحانات کے پاس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے طلب کردہ اعلی سطحی اجلاس میں یہ انتہائی اہم فیصلہ کیا گیا جس کے تحت تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کے منتظر تمام طلبہ کو انٹر سال اول میں داخلہ کا اہل قرار دے دیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے اجلاس میں عہدیدارو ںسے مشاور ت کے بعد ایس ایس سی طلبہ کو انٹرنل امتحانات میں حاصل نشانات کی بنیاد پر گریڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں جملہ 5لاکھ 34ہزار 903 طلبا ایس ایس سی امتحان تحریر کرنے والے تھے ۔ اب امتحانات کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔حکومت نے 8جون سے ایس ایس سی کے مابقی امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے تحت ٹائم ٹیبل جاری کردیا گیا تھا لیکن گذشتہ دنوں ہائیکورٹ سے حیدرآباد ‘ رنگاریڈی اورسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں امتحانات کے انعقاد کی اجازت کے بعد حکومت نے ریاست بھر میں ایس ایس سی امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ آج ایک اجلاس منعقد کرکے تمام طلبہ انٹر سال اول میں داخلہ کا اہل قرار دیاگیا ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس کی وبا کے ساتھ ہی امتحانات کو ملتوی کرنے کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت کی ہدایت پر امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن حکومت کی جانب سے گذشتہ دو ماہ کے دوران امتحانات کے انعقاد کیلئے کافی کوشش کی گئی اس کے باوجود شہر کے علاوہ سکندرآباد و رنگاریڈی میں امتحانات کے انعقاد کی اجازت نہ دیئے جانے کے بعد حکومت نے انٹرنل امتحانات کے نشانات کی بنیاد پر گریڈ جاری کرنے کے احکام جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں وزیر تعلیم مسز سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار‘ مسز چترا رامچندرن آئی اے ایس‘اور ریاستی محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیدار موجود تھے ۔اجلاس میں ملک کی دیگر ریاستوں میں ایس ایس سی امیدواروں کے مستقبل کے سلسلہ میں اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اس کے بعد گریڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔