حیدرآباد ۔ شہر کے مصروف ترین علاقہ گن فاؤنڈری عابڈس میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے سیکوریٹی گارڈ نے آؤٹ سورسنگ بینک ملازم پر فائرنگ کردی ۔ اس واقعہ کے بعد ایس بی آئی بینک میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی اور پولیس نے سیکوریٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایس بی آئی کے سیکوریٹی گارڈ سابق فوجی صفدر خان گذشتہ کئی برسوں سے ڈیوٹی انجام دے رہا ہے ۔ بینک کا ایک آؤٹ سورسنگ ملازم سریندر اکثر صفدر خان پر مبینہ طور پر طنز کیا کرتا تھا اور آج دوپہر بھی اُس نے کسی بات پر طنز کیا جس کے نتیجہ میں برہم صفدر خان نے اپنی لائسنس یافتہ بندوق سے تین راؤنڈ فائر کردی ۔ ایک گولی اس کی پھسلی میں لگی۔ ساتھی ملازمین نے اسے فوری حیدرگوڑہ میں واقع ایک کارپوریٹ دواخانہ منتقل کیا اور اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ پولیس عابڈس نے صفدر خان پر اقدام قتل اور آرمس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کر لیا ہے ۔
