ایس سی او ممالک کو قومی کرنسی میں تجارت کرنے رئیسی کا مشورہ

   

تہران : ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ” ڈالر کی حاکمیت ختم کرنے کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تجارت قومی کرنسی میں ہونی چاہیے”۔رئیسی نے ہندوستان کی میزبانی میں بذریعہ ویڈیو کانفرنس منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم سے خطاب کیا۔خطاب میں رکن ممالک کے درمیان قومی کرنسیوں میں تجارت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ مغرب کی عسکریت پسندی اور حاکمانہ نظام کی بنیاد ڈالر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک منصفانہ بین الاقوامی نظام کی تشکیل کے لئے علاقے میں اس حاکم عنصر کو ختم کرنا ضروری ہے۔صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اس مقصد کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور شراکت داروں کے درمیان بین الاقوامی تجارت اور مالیاتی لین دین میں قومی کرنسی کے استعمال کو عام کرنے پر توجہ دینا ضروری ہے۔خطاب میں اسرائیل کے فلسطین پر حملوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ “آج 4 جولائی کو اپنا یومِ آزادی منانے والا ملک ‘امریکہ’ بہت سے ممالک کی آزادی کو سلب کر رہا اور فلسطینیوں سمیت متعدد اقوام کو اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے حق سے محروم رکھے ہوئے ہے۔