رائے بریلی : اتر پردیش کے رائے بریلی میں بلدیاتی انتخابات میں صدر کے عہدے کے لیے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے امیدوار پارس ناتھ سمیت متعدد لوگوں کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کیا گیا ہے ۔پولس ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق کل دیر رات ایس پی امیدوار پارس ناتھ سمیت متعدد لوگوں کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ بتایا گیا کہ پارس ناتھ میونسپل الیکشن میں ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ نکڑ سبھا کے بجائے بغیر اجازت جلوس نکالنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔واضح ر ہے کہ جب پارس ناتھ کو ایس پی کا ٹکٹ ملا، اس کے بعد ایس پی میں دراڑ سامنے آگئی۔ میونسپلٹی کے سابق چیرمین محمد الیاس نے اپنے لاو لشکر کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ ابھی تک میونسپلٹی میں صدر کے عہدے کے لیے کانگریس امیدوار شتروگھن سونکر اور بی جے پی امیدوار شالنی کنوجیا کے درمیان مقابلہ نظر آرہا تھا۔ پارس ناتھ کے خلاف راتوں رات مقدمہ ہونے سے علاقے کے سیاسی حلقوں میں کافی ہلچل ہے