اٹاوہ، 18 جون (یواین آئی) سماجوادی پارٹی کے رکنِ پارلیمان جتیندر کمار دوہرے نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے تمام 37 ارکانِ پارلیمان پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو اور قومی صدر اکھلیش یادو کے وفادار سپاہی ہیں اور وہ پارٹی چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے ۔مسٹر دوہرے نے بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے ایس پی ارکانِ پارلیمان کے پارٹی کی تبدیلی کے دعوؤں کو مسترد کیا اور کہا کہ ایسے بیانات بی جے پی کی سیاسی بے چینی کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی مسلسل مضبوط ہو رہی ہے اور 2027 کے اسمبلی انتخابات میں مکمل اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ کے بیان پر جس میں انہوں نے ایس پی ارکانِ پارلیمان کے بی جے پی میں شامل ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا، دوہرے نے کہا کہ پارٹی کے تمام 37 ارکانِ پارلیمان اکھلیش یادو کی قیادت میں مکمل اتحاد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کو آئندہ انتخابات میں ایس پی کی بڑھتی طاقت کا خوف ستارہا ہے ۔رکنِ پارلیمان نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے دس سالہ اقتدار میں نوجوانوں، کسانوں اور خواتین سے متعلق مسائل کو نظرانداز کیا گیا ۔ بڑھتی بے روزگاری اور عوامی مشکلات کے باعث لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، جس سے بی جے پی قیادت پریشان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن کو اپنی سیاسی حیثیت پر بھروسہ نہیں ہوتا، وہی ایسے دعوے کرتے ہیں۔