ایشان اور سوریہ کمار ورلڈ کپ ٹیم کے مستحق : لکشمن

   

نئی دہلی ۔ ٹیم میں آنے والے نئے اور باصلاحیت کھلاڑی ایشان کشن اور سوریہ کمار یادو نے خود کو ملنے والے مواقع سے بہترین فائدہ اُٹھایا ہے ا ور رواں برس ہندوستان میں منعقد شدنی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شامل ہونے کے مستحق ہے ۔ ان خیالات کا اظہار حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی ٹیم کے سابق ٹسٹ کھلاڑی وی وی ایس لکشمن نے کیا ۔ 22 سالہ ایشان اور 30 سالہ سوریہ کمار نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے خوابوں کے کیریر کا آغاز کیا ہے جیسا کہ ایشان نے 32 گیندوں میں 56 اور سوریہ کمار نے گذشتہ مقابلوں میں شاندار نصف سنچری اسکور کی ہے ۔ لکشمن نے کہا کہ یہ ایک مشکل ترین سوال ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی ٹیم میں جگہ ملے گی یا نہیں لیکن مذکورہ کھلاڑیوں نے جس طرح بین الاقوامی سطح پر اپنے پہلے ہی مقابلے میں مظاہرے کئے ہیں اس کے بعد وہ 15 رکنی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں ۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ سنجئے بانگر نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے ابھی بہت وقت باقی ہے اور ٹیم میں کئی کھلاڑی اپنے مظاہرے دے سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ آئی پی ایل کا انعقاد بھی ہنوز باقی ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں وقت کا باقی ہونا اور آئی پی ایل کی ہنوز کھیلا جانا باقی رہنا ہندوستان کیلئے خوش آئند ہے کیونکہ اسے بہتر سے بہتر کھلاڑیوں کے انتخاب کا موقع ملے گا ۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا بھونیشور کمار نے ورلڈ کپ کی ٹیم میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے تو بانگر نیکہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کمار ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہوں گے ، بشرطیہ کہ وہ فٹ اور فام میں رہے جیسا کہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اپنے مظاہروں سے ثابت کیا ہے ۔ زخموں سے صحتیابی کے بعد کمار نے انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں وکٹیں حاصل کی ہیں۔