ایشیا کپ میں ہند۔پاک دو مقابلے کروانے کا منصوبہ

   

نئی دہلی ۔ ایشیا کپ کا اگلا ایڈیشن 2025 میں ہندوستان کی میزبانی میں ہونا ہے اور اس ایونٹ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فائنل سے قبل کم از کم دو مقابلے کروانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔اس سے قبل ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) نے ٹورنمنٹ کے میڈیا رائٹس کے لیے ایک تجویز پیش کی ہے۔ اے سی سی نے اس کی بنیادی قیمت 170 ملین ڈالر یعنی تقریباً 1428.51 کروڑ روپے رکھی ہے۔ اس میں عالمی ٹیلی ویژن، مینز ایشیا کپ، ویمنز ایشیا کپ، مینز انڈر19 ایشیا کپ، مینز ایمرجنگ ٹیم ایشیاکپ، ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ٹیم ایشیا کپ ٹورنمنٹس کے ڈیجیٹل اور آڈیو حقوق شامل ہوں گے۔ اس کی نیلامی یکم نومبر کو رکھی گئی ہے جس میں شرکت کے لیے براڈکاسٹرزکو 30 اکتوبر تک دبئی میں اپنی تکنیکی بولیاں جمع کروانا ہوں گی۔ اگر براڈکاسٹر ان تمام ٹورنمنٹس کے میڈیا رائٹس چاہتے ہیں تو انہیں کم ازکم 1428.51 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے۔ نیلامی میں قیمت بھی بڑھ سکتی ہے۔ براڈکاسٹروں کو راغب کرنے کے لیے، اے سی سی نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کم ازکم 2 میچز کروانے کی ضمانت دی ہے۔ ٹورنمنٹ کا سب سے پریمیم ایونٹ مردوں کا ایشیاکپ ہے۔ 2024 اور2031 کے درمیان جملہ 4 ایڈیشن کھیلے جانے ہیں۔ اے سی سی ان تمام 8 سال کے لیے میڈیا رائٹس کا پیکج پیش کررہا ہے۔ یادرہے کہ ایشیا کپ کا اگلا ایڈیشن ٹی20 فارمیٹ میں 2025 میں ہندوستان کی میزبانی میں کھیلا جانا ہے۔ اس کے بعد بنگلہ دیش 2027 میں اس کی میزبانی کرے گا جو ونڈے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ 2029 میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جب کہ 2031 ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا ونڈے فارمیٹ میں کرے گا۔ براڈکاسٹرز نیلامی کی مقررہ قیمت ادا کرنے کے بعد میڈیا کے حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔ ایشیا کپ کے ہر ایڈیشن میں 13 میچ کھیلے جائیں گے۔ اس عرصے کے دوران براڈکاسٹرزکی زیادہ سے زیادہ کمائی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہائی وولٹیج میچ سے ہوتی ہے۔ اس لیے اے سی سی نے دونوں ٹیموں کے درمیان کم ازکم 2 میچز کروانے کی ضمانت دی ہے۔ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچیں تو تیسری بار آمنے سامنے ہونے کا امکان ہے۔ مینزایشیا کا پچھلا ایڈیشن ہائبرڈ ماڈل میں کھیلا گیا تھا جس کی میزبانی سری لنکا اور پاکستان نے کی تھی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان دو میچ ہوئے اور دونوں میچوں میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی۔ اے سی سی کے ٹینڈر کے مطابق اس دوران 3 ویمنز ایشیاکپ بھی کھیلے جائیں گے۔
ایٹکنسن دورہ پاکستان کیلئے پرعزم
ملتان ۔ انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر گس ایٹکنسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لیے کافی پْرجوش ہوں، یہاں آکر بڑی خوشی ہوئی، اس سے پہلے پی ایس ایل کے لیے ایک بار پاکستان آچْکا ہوں۔گس ایٹکنسن نے کہا کہ یہاں کے موسم سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کی۔