نیویارک: ٹیسلا کے ارب پتی چیف ایگزیکٹو ایلون مسک رواں ہفتے چین کا دورہ کریں گے، اس معاملے سے آگاہ تین افراد کا کہنا ہے کہ یہ تین سال میں ان کا پہلا دورہ ہوگا۔اس سے پہلے 2020ء میں انھوں نے چین کا دورہ کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسک چین کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے اور ٹیسلا کے شنگھائی پلانٹ کا دورہ کریں گے۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ مسک کس سے ملیں گے اور وہ کیا بات چیت کریں گے۔ٹیسلا اور چین کے اسٹیٹ کونسل انفارمیشن آفس نے فوری طور پر تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز نے مارچ میں خبر دی تھی کہ مسک چین کے دورے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اپریل کے اوائل میں چینی وزیر اعظم لی کیانگ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔چین امریکہ کے بعد ٹیسلا کی دوسری سب سے بڑی مارکیٹ ہے اور اس کا شنگھائی پلانٹ الیکٹرک کاریں تیار کرنے کا سب سے بڑا پیداواری مرکز ہے۔مسک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر کے بھی مالک ہیں، جس پر چین میں پابندی عاید ہے، اگرچہ کچھ لوگ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) کے ذریعہ اس تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔