رجسٹریشن میں ایل آر ایس اہم رکاوٹ، کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی کی تجویز
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل آر ایس اسکیم کو منسوخ کرے یا پھر فیس میں کمی کی جائے ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے چیف منسٹر سے اس سلسلہ میں فوری فیصلہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایل آر ایس اسکیم کے سبب جائیدادوں اور اراضیات کے رجسٹریشن میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ ایل آر ایس کی منظوری کے بغیر حکام رجسٹریشن سے انکار کر رہے ہیں۔ حکومت نے قدیم طریقہ کار کے تحت رجسٹریشن کے آغاز کا فیصلہ کیا لیکن ایل آر ایس کی شرط کو برقرار رکھا گیا ہے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ عوام پر بوجھ کم کرنے کیلئے اسکیم سے دستبرداری اختیار کریں یا پھر ایل آر ایس کی منظوری کے لئے محض 10,000 روپئے فیس مقرر کی جائے ۔ ہر درخواست گزار کیلئے یکساں فیس ہونی چاہئے تاکہ سرکاری خزانہ میں رقومات کی آمد کا سلسلہ جاری رہے اور دوسری طرف عوام کو بھی سہولت ہو۔ جگا ریڈی نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس کے مسئلہ پر انہوں نے اپنی رائے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور کے سامنے پیش کردی ہے۔ سونیا گاندھی جو فیصلہ کریں گی ، وہ تمام کیلئے قابل قبول رہے گا۔
