ایل آر ایس اسکیم کے تحت گفٹ اور وراثت کی اراضیات کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ

   

حیدرآباد 16 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے لے آؤٹ ریگولرائزیشن اسکیم (ایل آر ایس) خدمات میں توسیع کرکے گفٹ اور وراثت میں منتقل کی گئی جائیدادوں کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس سلسلہ میں مذکورہ قانون میں ترمیم کی گئی۔ نظرثانی شدہ قواعد کے مطابق رجسٹرڈ سیل ڈیڈ کے ذریعہ خریدے گئے پلاٹس کو باقاعدہ بنانے کے علاوہ گفٹ ڈیڈ، ایکسچینج ڈیڈ اور وراثت سے متعلق معاہدات پر مبنی اراضیات کا بھی ریگولرائزیشن کیا جائے گا۔ حکومت نے جی او ایم ایس 98 مورخہ 15 مئی کے ذریعہ یہ ترمیم کی ۔ عوام کی مسلسل نمائندگی کے بعد حکومت نے اسکیم میں توسیع دی ہے جس کے ذریعہ خاندانوں میں منتقل جائیدادوں کے رجسٹریشن میں مدد ملے گی۔ قانون میں تبدیلی کے متعلق ترمیم تلنگانہ گزٹ میں شائع کی جائے گی۔ 1