محبوب نگر۔ حکومت جدید ایل آر ایس سسٹم سے فوری دستبرداری اختیار کرتے ہوئے عوام کیلئے راحت کا سامان مہیا کرے۔ سید عبدالوحید شاہ قادری ریاستی نائب صدر تلنگانہ آلمیوا نے ریاستی حکومت سے اپنے صحافتی بیان میں مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت کی دھمکی کو نامناسب قرار دیا کہ ایل آر ایس نہ کرانے کی صورت میں پلاٹس کا اندراج نہیں ہوگا۔ ریاست کے عوام کی اکثریت غریب ہے اور 200 گز پلاٹ پر 14 فیصد سے زائد رقم ایل آر ایس کے نام پر وصول کرنا عوام پر ظلم کے مترادف ہوگا۔ گذشتہ 6 مہ سے عوام کورونا جیسی مہلک وباء سے اور اس کے نقصانات سے بری طرح متاثر ہیں۔ حکومت بجائے ان کو مراعات اور سہولتیں فراہم کرنے کے ایل آر ایس کا زبردست بوجھ عائد کررہی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ریاست کے عوام کی تکالیف کو محسوس کریں اور ایل آر ایس سسٹم کو بلا تاخیر منسوخ کردیں۔