جموں، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر ہند۔ پاک افواج کے درمیان گھمسان مسلسل جاری ہے ۔ یو این آئی کو سرکاری ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جموں کشمیر کے پونچھ ضلع کے کھاری کرمنڈا علاقے میں حدمتارکہ پر پیر کو پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرکے اگلی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے پیر کو چھوٹے اور بھاری ہتھاروں کو استعمال کرکے گولہ باری کی جس کا جواب ہندوستانی فوج نے بھر پورانداز میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاہم فی الوقت کسی بھی طرف جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پا کستانی فوج گذشتہ دس دنوں سے لگاتار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے پونچھ اورراجوری سیکٹروں میں حدمتارکہ پر بلا اشتعال گولہ باری کررہی ہے ۔ دریں اثنا جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر اور سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف کے جوانوں نے دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا۔