ایل او سی پر تعینات فوجی جوان الرٹ، لیفٹیننٹ جنرل پانڈے

   

سرینگر: سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات فوجی جوان الرٹ ہیں اور وہ دراندازوں کو سرحد کے اس پار داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے منگل کو یہاں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایاکہ پار بیٹھے دشمن عناصر سرحد کے اس پار جنگجو بھیجنے کے اس آخری موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ حال ہی میں اوڑی اور رام پور سیکٹروں میں ایسی دو کوششیں ہوئیں۔ ان کوششوں کو نہ صرف ناکام بنایا گیا بلکہ دراندازوں کو بھی مارا گرایا گیا’۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ہم الرٹ ہیں۔ ہم دراندازوں کو سرحد کے اس پار داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ جو دراندازی کرنے میں کامیاب ہوں گے ان کو کشمیری عوام کی مدد سے ہلاک کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ جنرل پانڈے نے جنگجو مخالف آپریشنز میں لائی جانے والی تیزی پر کہا: ‘یہاں پچھلے کچھ دنوں سے آپریشنز جاری ہیں۔ یہ آپریشنز انٹیلی جنس اطلاعات پر چلائے جا رہے ہیں۔ میں ان آپریشنز کو حالیہ دنوں میں پیش آنے والے واقعات کے ساتھ جوڑنا نہیں چاہوں گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں شہری ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ جانی نقصان کی کوئی بھرپائی نہیں ہوتی ہے۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھنے کو یقینی بنانا ہے۔